Time 07 اگست ، 2024
پاکستان

اسرائیل کو اس کے مظالم پر جوابدہ بنانا ہوگا، اسحاق ڈار کا او آئی سی اجلاس میں خطاب

اسرائیل کو اس کے مظالم پر جوابدہ بنانا ہوگا،  اسحاق ڈار کا او آئی سی اجلاس میں خطاب
اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی امن ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں—فوٹو: اے ایف پی

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اس کے مظالم پر جوابدہ بنانا ہوگا۔

فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے  اجلاس  سے خطاب میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کی قومی اسمبلی نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی، تہران میں اسماعیل ہنیہ کے قتل نے کشیدگی کو مزید بڑھادیا ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ میں گزشتہ 9 ماہ سے جو کچھ ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، اسرائیل غزہ میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں اسکولوں، اسپتالوں، امدادی قافلوں اورپناہ گاہوں کوبھی نشانہ بنایا، اسرائیل نے انسانی بنیادوں پر جانے والی امداد بھی روک  رکھی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، امت مسلمہ کو او آئی سی سے بہت ساری توقعات ہیں، دنیا کو اس وقت جنگ نہیں امن کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ  اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اسرائیل کو اس کے مظالم پرجوابدہ بنانا ہوگا، عالمی امن ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا کہ غزہ تک امداد کی فراہمی کے لیےتمام راستے کھولے جائیں۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے اجلاس کے انعقاد پرسعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں :