13 فروری ، 2013
پشاور…قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب خان شیرپاوٴ نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کے حوالے سے بے یقینی کی صورتحال حکومت کی پیدا کردہ ہے۔انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کی شدید مخالفت کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے چارسدہ کی تحصیل تنگی کے گاوٴں شیرپاوٴ میں سابق گورنر حیات محمد خان کی 38 ویں برسی کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آفتاب خان شیرپاوٴ کا کہنا تھا کہ قیام امن حکومت کے بس کی بات نہیں رہی، قومی وطن پارٹی خطے میں امن لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے 5 سالہ دور اقتدار میں ریکارڈ کرپشن کی اور قومی خزانے کو لوٹ لیا ہے۔ کرپٹ حکمرانوں سے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا۔