13 فروری ، 2013
کراچی … پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ بہت جلد مسلم لیگ (ن) دو گروپوں میں تقسیم ہونے والی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کو شہباز شریف کی غلامی پسند نہیں۔ کراچی سے جاری بیان میں وزیر اطلاعات سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنماء شرجیل میمن نے کہا کہ شریف برادران ڈکٹیٹر کا دوسرا روپ ہیں، جیسے ہی کیئر ٹیکر حکومت کا اعلان ہوگا، مسلم لیگ (ن)کے کافی ارکان پی پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دیہی علاقوں میں عوام پینے کے پانی، صحت اور تعلیم سے محروم ہیں، کرپشن کے تمام ریکارڈز شریف خاندان نے توڑدیئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو تاریخی شکست نصیب ہوگی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں کوئی بھی آئی جے آئی نواز شریف کو وزیرا عظم نہیں بنا سکے گا۔