13 فروری ، 2013
اسلام آباد…وزارت پانی و بجلی نے گوجرانوالہ کے قریب لگنے والے نندی پور پاور منصوبے کی پیداوار صلاحیت میں 100میگاواٹ اضافے اور منصوبے کیلئے مقامی بنکوں سے 23ارب روپے کے حصول کیلئے حکومتی ضمانت کی منظوری کیلئے دو الگ الگ سمریاں ای سی سی اور منصوبہ بندی کمیشن کو بھیج دیں وزارت پانی و بجلی کیذرائع کے مطابق منصوبے پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 57ارب روپے ہے جس میں سے 19ارب روپے کا پہلے ہی حکومتی ضمانت پر مقامی بنکوں سے انتظام کیا جا چکا ہے جبکہ مزید 23ارب روپے کا قرضہ اٹھانے کیلئے حکومتی ضمانت کی منظوری کیلئے سمری ای سی سی کو بھیج دی گئی ہے ، نندی پور پاور منصوبے میں 425میگاواٹ کی بجائے 525میگاواٹ پیداواری صلاحیت کی سفارش ای سی سی کو بجھوائی گئی ہے ،مالی سال دوہزار سات آٹھ میں منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 28ارب روپے تھا تاھم منصوبے کی پیداواری صلاحیت 425میگاواٹ تھی ، ایک سمری منصوبہ بندی کمیشن کو بھی بھیجی گئی ہے تا کہ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی منصوبے کی صلاحیت میں مجوزہ تبدیلی کے مطابق فنڈنگ کی منظوری دے سکے ،ذرائع کے مطابق ای سی سی اور پلاننگ کمیشن سے منظوری کے بعد کراچی بندرگاہ پر پڑی منصوبے کی مشینری کلئیر ہو جائے گی اور منصوبے پر 15مارچ سے کام شروع ہونے کا بھی امکان ہے ،ذرائع کے مطابق جنکو ہولڈنگ کمپنی کے سربراہ نوید اسماعیل نے چینی کمپنی ڈونگ فینگ سے بات چیت شروع کر دی ہے تاکہ اسے منصوبے کی تعمیر کیلئے واپس لایا جائے ، چینی کمپنی ڈونگ فینگ جس نے چار سال قبل منصوبے پر کام شروع کیا تھا منصوبے کیلئے درآمد کی گئی مشنیری کلیئر نہ ہونے پر کام چھوڑ کر چلی گئی تھی ، زرائع نے بتایا کہ وزارت پانی و بجلی نے اس سال دسمبر تک منصوبہ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔