10 اگست ، 2024
خیبرپختونخوا حکومت نے 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری درخواست پر رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کے اعتراضات کے بعد دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
جیونیوز سے گفتگو میں وزیرقانون خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کیلئے ہائیکورٹ کو دوبارہ خط لکھا جائے گا اور جن نکات پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں وہ دور کرکے خط ارسال کریں گے۔
انہوں نے بتایاکہ خط کابینہ سے منظوری کے بعد ارسال کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی جوڈیشل انکوائری کیلئے ایڈووکیٹ جنرل نے پشاور ہائیکورٹ کو خط لکھا تاہم اعتراض لگا کر ہائی کورٹ نے خط واپس کردیا تھا۔
ہائیکورٹ نے اپنے جوابی مراسلے میں کہا تھا کہ درخواست کی موجودہ صورت کے پی گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کی خلاف ورزی ہے جس کی وجہ سے درخواست کو زیر غور نہیں لایا جا سکتا۔