15 اگست ، 2024
راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے افسران کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ سہولت کاری کے معاملے پر ان کے سیل کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں کے اہلکار بھی سیل کے اطراف تعینات رہیں گے، سیل کے اطراف جیل عملے کو ہفتہ وار تبدیل کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران جیل عملے کو صحافیوں، وکلا اور پارٹی رہنماؤں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل کے اندر رہائش پذیر اہلکاروں کی بھی مکمل تلاشی لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے کل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد اکرم کوتحویل میں لیا ہے، محمد اکرم پر بانی پی ٹی آئی کیلئے جاسوسی، پیغام رسانی اور سہولت کاری کا الزام ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بلال سے بھی سکیورٹی اداروں نے کل رات پوچھ گچھ کی ہے۔