16 اگست ، 2024
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے غیر ملکی حکومتوں کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر متنبہ کردیا۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دیگر ممالک کو پاکستان کے اندرونی امور پر بیان دینے کی ضرورت نہیں اور غیر ملکی حکومتوں کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہنا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم نے منکی پاکس پر عالمی ادارہ صحت کی ایڈوائزری دیکھی ہے، وزارت قومی صحت ہی ایڈوائزری سے متعلق باقاعدہ ردعمل دے سکتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے فعال سفارتی مشنز موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تیز رفتار رابطے موجود ہیں، پاکستان نے تواتر کے ساتھ فتنہ خوارج اور افغانستان میں دہشتگردگروپوں کے ٹھکانوں کامعاملہ اٹھایا، افغانستان کے ساتھ یہ بات اٹھائی گئی تاکہ پاکستان میں دہشتگردی بند ہو، افغان حکام کو ان دہشتگرد گروپوں کے خلاف مؤثر کاروائی کرنا ہوگی۔
ترجمان کے مطابق قومی اسمبلی و سینیٹ سیکرٹریٹ حکام کے لیے ویزاگائیڈ لائنز میں تبدیلی کی ہے، یہ اقدام ویزا پالیسی کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے کیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ بھارت میں تابکاری مواد کی غیرقانونی چوری میں ملوث گینگ کی گرفتاری پر ردعمل جاری کیا ہے۔