Time 17 اگست ، 2024
پاکستان

وزیراعظم کا پنجاب کے بجلی صارفین کیلئے ریلیف پیکج کا خیر مقدم

وزیراعظم کا پنجاب کے بجلی صارفین کیلئے ریلیف پیکج کا خیر مقدم
فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے کا پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بجلی صارفین کیلئے ریلیف پیکج کا خیرمقدم کردیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے بجلی صارفین کیلئے تاریخی ریلیف پیکج کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ14 روپے کا ریلیف دیا گیا، بلاشبہ یہ نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست احسن اقدام ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی ہدایت پر قلم دان سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کوحکومت کی اولین ترجیح رکھا، وفاقی حکومت کے ترقیاتی بجٹ سے50 ارب کاٹ کر بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دیے گئے ریلیف سے 200 یونٹ والے صارفین مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے خلاف اقدامات اور بجلی شعبے کی اصلاحات سے اس کا دیرپا پائیدار حل نکالنے کیلئے کوشاں ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایک سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ 14 روپے کمی کردی ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں کی وجہ سے ایک کرب سے گزر رہے ہیں۔

نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت نے اگست اور ستمبر کے بلوں میں فوری ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، 500 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو 14 روپے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائے گا، پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف دیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجاب میں سولر پینل اسکیم کیلئے 700 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

مزید خبریں :