15 فروری ، 2013
راولپنڈی…راول پنڈی کے علاقے کٹاریاں میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے پولیس اہل کار اور دو بھائی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے دونوں بھائیوں کے چچا کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حساس ادارے اور ایلیٹ پولیس کے اہل کار راولپنڈی کے علاقے کٹاریاں میں مشتبہ افراد کی اطلاع پر سرچ آپریشن کر رہے تھے۔ اس دوران نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے ایلیٹ پولیس کا اے ایس آئی حسن نعیم جاں بحق اور ایک اہل کار اسد زخمی ہوگیا ، ذرائع کے مطابق فائرنگ سے دو بھائی جمشید اور سجاد بھی جاں بحق ہوگئے۔ اے ایس آئی اور دونوں بھائیوں کی لاشیں ہولی فیملی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے ہلاک بھائیوں کے چچا ملک شمائل کو ہولی فیملی اسپتال سے حراست میں لے لیا ہے۔