15 فروری ، 2013
لاہور… سوئی ناردرن گیس حکام نے لاہور زون ون اور ٹو میں آج سے دو روز کے لئے سی این جی اسٹیشنز کی گیس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سی این جی ایسوسی ایشن نے فیصلہ مسترد کرتے ہوئے چارروز کیلئے گیس بحالی کا مطالبہ کردیا۔ گیس کی شدید قلت کے باعث پنجاب بھرمیں 42 روز تک سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی معطل رہی، اب لاہور زون 1 اور زون 2 میں آج صبح 6 بجے سے اتوار کی صبح 6 بجے تک گیس ملے گی۔ سی این جی ایسوسی ایشن پنجاب کے ترجمان عرفان غوری نے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو کی بجائے 4 روز کے لئے گیس بحال کی جائے، دو روزہ بحالی سے اخراجات بھی پورے نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سی این جی سیکٹر کو جان بوجھ کر تباہ کیا جارہا ہے۔