27 اگست ، 2024
نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال ہے اور مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات میں غیر معمولی شدید بارشیں ہو رہی ہیں، بارشوں کے باعث 3 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ ریاست میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد 20 ہزار افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
خبر کے مطابق بھارتی محکمہ موسمیات نے 19 اگست تک گجرات کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ریاست کے 25 اضلاع میں شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے کچھ اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان 200 سے 350 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق جس سسٹم کے تحت کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بارشیں ہو رہی ہے وہ بھارتی گجرات سے ہی آرہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج 27 اگست سے لیکر 31 اگست تک سندھ کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔