کھیل
17 جنوری ، 2012

دبئی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج شروع ہوگا

دبئی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج شروع ہوگا

دبئی … پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر تقریباً ڈیڑھ ماہ طویل دورے کا آغاز آج دبئی ٹیسٹ سے ہو رہا ہے۔ موجودہ صورتحال میں ایشین بیسٹ ٹیم پاکستان اور عالمی نمبر ایک انگلینڈ نے مورچے سنبھال لیے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ ڈیڑھ برس میں کھیلے گئے میچز میں سے صرف ایک میں شکست کھائی ہے جبکہ دیگر ایشین ٹیمیں بھارت اور سری لنکا کی مسلسل شکستوں کے پیش نظر کامیابیوں کے اعتبار سے پاکستان کو ایشیا کی بہترین ٹیم کا درجہ حاصل ہے۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہو گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور انگلینڈ کے کپتان اینڈریو اسٹراس نے تسلیم کیا ہے کہ سیریز میں بیٹسمینوں پر دباوٴ ہو گا۔ دبئی اسپورٹس سٹی کی وکٹ اسپن بولنگ کیلئے سازگار ہے۔ یہ بات یقینی ہے کہ پاکستان سعید اجمل اور عبدالرحمن کو میچ میں کھلائے گا۔ اسٹراس نے کہاکہ اگر وکٹ اسپنرز کے لیے مددگار ہے تو پھر دو اسپنرز کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔ پاکستان نے دبئی اسپورٹس سٹی میں دو ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ ایک میں کامیابی پاکستان کا مقدر بنی۔ اکتوبر میں سری لنکا کو شکست دینے والی پاکستانی ٹیم کے 13وکٹ اسپنر سعید اجمل، عبدالرحمن اور محمد حفیظ کے حصے میں آئے۔ 2010ء میں پاکستان اور جنوبی افریقا کا ٹیسٹ ڈرا ہوا۔ 25 میں سے 11 وکٹیں اسپنرز کو ملیں۔ اسٹراس نے کہاکہ ہماری نفسیات یہ ہے کہ ایسی ٹیم تشکیل دی جائے جو کامیابی حاصل کرے۔ مصباح کا کہنا ہے کہ اس وکٹ پر جس ٹیم کی بیٹنگ کلک کرے گی اسے سبقت حاصل ہو گی۔ اسپنرز کے ساتھ فاسٹ بولروں کا کردار بھی اہم ہو گا۔ ہم نے گزشتہ بار یہاں جو ٹیسٹ کھیلا تھا وکٹ اس سے بہتر دکھائی دے رہی ہے۔

مزید خبریں :