Time 01 ستمبر ، 2024
پاکستان

کراچی:کنویں میں گرنے والے 2 بچے اور انہیں بچانےکی کوشش کرنیوالا نوجوان جاں بحق

کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ کے  رہائشی اپارٹمنٹ کے قریب کنویں میں گرنے والے 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

گارڈن  ویسٹ  میں فوارہ  چوک کے قریب کھیل کے دوران ڈھکن ٹوٹنے سے 2 بچے کنویں میں گرگئے تھے، بچوں کو بچانےکے لیے نوجوان کنویں میں اترا تھا۔

ریسکیو کے مطابق دونوں بچوں اور نوجوان کی لاشوں کو کنویں سے نکال لیا گیا ہے جب کہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ لاشوں کو مقامی افراد نے نکالا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق ایک بچے کی عمر 8 سال جبکہ دوسرے کی عمر 12 سال ہے، بچوں کی شناخت بدر اور طلحہ کے نام سے ہوئی ہے۔ بچوں کو بچانے کے لیے کنویں میں اترنے والا نوجوان پلمبر تھا جس کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق  کنویں میں اترنے والا پلمبر کنویں سے  بچوں کو واپس لارہا تھا کہ اس دوران رسی ٹوٹ گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا  تھا کہ کنویں کی چوڑائی کم ہونےکے سبب ریسکیو میں دشواری ہوئی، ریسکیو کے لیے جانے والا ایک اہلکار بھی کنویں میں پھنس گیا تھا جسے بحفاظت نکال لیا گیا۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں نے الزام لگایا ہےکہ  ریسکیو ٹیم فوری پہنچتی توکنویں میں گرنے والوں کو بچایا جاسکتا تھا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق 2 بچوں کے کنویں میں گرنےکی اطلاع  پر ہم موقع  پر  پہنچے، علاقےکا  پلمبر  بچوں کو  بچانے رسے کے ذریعےکنویں میں اترا، پلمبر نے اندر جانے کے بعد آواز  دےکر  بتایا کہ  آکسیجن کم ہے، پلمبر نے پانی بھی مانگا، اسے پانی کی بوتل بھی دی، شاید اس نے دونوں بچوں کو ساتھ باندھنےکے بعد رسا کھینچنےکو کہا۔

علاقہ مکینوں نے مزید بتایا کہ 10 سے 15 فٹ رسا کھینچا گیا تھا کہ رسا ٹوٹ گیا، واقعے کے 15،20 منٹ تک کنویں سے بچوں اور  پلمبر کی آوازیں آرہی تھیں، بعد میں خاموشی ہوگئی، پھر کسی نے جواب نہیں دیا۔

مزید خبریں :