17 فروری ، 2013
اسلام آباد…قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ متحدہ قومی مومنٹ کا ٹوپی ڈرامہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،نگراں سیٹ اپ کیلئے ان سے کوئی مشاورت بھی نہیں کریں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں چوہد ری نثار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ممبران پارلیمنٹ کی تذلیل کا مینڈیٹ کس دیا۔جعلی ڈگریوں کی ایک لسٹ گردش میں ہے جس میں میرا نام بھی لیا جا رہا ہے،قائد حزب اختلاف نے وضاحت کرتے ہو ئے کہاکہ میں نے اپنا او لیول 1968اور اے لیول1970میں کیا،جبکہ الیکشن کمیشن نے مجھ سے میٹرک اور انٹر کے سرٹیفکیٹ مانگے ہیں، یہ ایک عجیب صورت حال ہے جس کا مجھے سامنا ہے،میرے ایمان کے بعد میری عزت سب سے قیمتی چیز ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگریوں والے مشرف کے دور میں آئے تھے،یہ جعلی ڈگری والے آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں۔متحدہ کی حکومت سے علیحدگی پر ان کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی مومنٹ کا ٹوپی ڈرامہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،نگراں سیٹ اپ کیلئے ان سے کوئی مشاورت بھی نہیں کریں گے،اورایم کیو ایم کے نمائندے کو اپوزیشن لیڈر بنائیں گے تو یہ آئین سے بھی انحراف ہو گا،جبکہ یہ 20ویں ترمیم کی خلاف ورزی بھی ہے۔میں اور میں نواز شریف جلد سندھ پہنچ کر اس ٹوپی ڈرامے کو روکیں گے،میری اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے گی،میں بطور اپوزیشن لیڈر ایم کیو ایم کی مخالفت کر تا ہوں، ایم کیو ایم نگراں سیٹ اپ میں حکومت کے ساتھ ملی بھگت کرنا چا ہتی ہے۔