Time 16 ستمبر ، 2024
پاکستان

میرے مخالف کو جیل میں اچھا کھانا مل رہا ہے، نہیں چاہتی میری طرف سے کوئی ظلم ہو: مریم

میرے مخالف کو جیل میں اچھا کھانا مل رہا ہے، نہیں چاہتی میری طرف سے کوئی ظلم ہو: مریم
ہمارے ملک میں اقلیتیں محفوظ نہیں ، بات بات پر قتل و غارت کی دھمکیاں شروع ہوجاتی ہیں: مریم نواز—فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ  پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیﷺ نے سب سے پہلے انسانی حقوق کی بنیاد رکھی، ہمارے نبیﷺ کا ذکر آج بھی بلند ہے اور ہمیشہ بلند رہے گا۔

وزیر اعلیٰ  مریم نواز نے سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی آخرالزمان کی عظمت کو سلام پیش کر تے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمارے ملک میں اقلیتیں محفوظ نہیں ، بات بات پر قتل و غارت کی دھمکیاں شروع ہوجاتی ہیں، خواتین کو طلاق یا خلع کے بعد شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مدرسوں کے بچوں کو مار پیٹ کر بدظن کیاجا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کی تعلیم پر فتوے افسوسناک ہیں،انہیں بیٹوں کی طرح اعلیٰ تعلیم دینی چاہیے، اسلام میں کوئی ایسا شعبہ نہیں جس کے لیے مکمل ضابطہ حیات نہ دیا ہو۔

مریم نوازکا کہنا تھا کہ حکمرانی عیش اور عشرت نہیں ہے جوابدہی کا بوجھ ہے ، میرے پاس پنجاب کے 15 کروڑ لوگوں کا صوبہ ہے ،کسی کو دوائی،روٹی نہیں ملتی تو سوچتی ہوں اللہ تعالیٰ کو کیا جواب دوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میرے مخالف کو آج جیل میں اچھا کھانا مل رہا ہے، کولر ملا ہوا ہے ،سہولتیں ملی ہوئی ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ ، آپ یہ روکتی کیوں نہیں ، میں کہتی ہوں کہ نہیں چاہتی کہ میری طرف سے کوئی ظلم اورزیادتی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے طاقت دی ہو تو بدترین مخالفین کے ساتھ زیادتی نہیں کرنی چاہیے، مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، وہ آج کہتےہیں مکافات عمل ہوتا ہے ، آج مکافات عمل ہی ہے۔

اس کےعلاوہ مریم نواز نے کہا کہ جس نے ملک پر حملہ کیا، قانون توڑا میرے پاس اس کے لیے رحم نہیں ہے ،میری کوشش ہے میرے سے کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہوجائے ، اللہ تعالیٰ مجھے غریب عوام کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید خبریں :