Time 17 ستمبر ، 2024
پاکستان

آج ہمیں پاکستان کی خوشحالی و ترقی اور امن وامان کی دعائیں مانگنی چاہئیں: وزیراعلیٰ سندھ

آج ہمیں پاکستان کی خوشحالی و ترقی اور امن وامان کی دعائیں مانگنی چاہئیں: وزیراعلیٰ سندھ
فوٹو: اسکرین گریب

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں میلاد النبیﷺ کے موقع پر کہا ہے کہ آج ہمیں پاکستان کی خوشحالی،ترقی اور امن وامان کی بحالی کی دعائیں مانگنی چاہئیں۔

کراچی میں دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ میں میلاد النبیﷺ کی تقریب میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حضور اقدس رسول پاکﷺ کا میلاد بڑی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، آپﷺ کی آمد نے ہر جانب سچ کا بول بالا کردیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے بتائے احکامات پر عمل کرنے سے زندگی آسان ہو جاتی ہے۔

میلاد النبیﷺکی مناسبت سے کراچی کے مختلف مقامات پر منعقد تقریبات میں شرکت کے موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں عاشقان خوب جشن منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نبی پاکﷺ کی تعلیمات کی پیروی انتہائی ناگزیر ہے، رسول اللہﷺ کا جو عاشق نہیں وہ کچھ بھی نہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ اللہ رب العزت نے انہیں 12 ربیع الاول کو گورنر سندھ بنایا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ محفل میلاد النبیﷺ میں نبی پاک ﷺ کی محبت میں دل جھوم جاتا ہے، ہم آقائے دوجہاں ﷺ کے غلام ہیں اور یہ غلامی ہمارا فخر بھی ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں ختم نبوت کی حفاظت کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید خبریں :