18 فروری ، 2013
کراچی… چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم عام انتخابات آزادانہ اور منصفانہ انداز میں کرانے کے اتنے ہی ذمہ دار ہوں گے جتنا الیکشن کمیشن ہے‘ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے بروقت انتخابات کا انعقاد ضروری ہے‘انتخابی عمل کو منصفانہ بنانے کیلئے روزانہ 18,18 گھنٹے کام کر رہے ہیں‘ الیکشن کے دوران امن و امان کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی نہیں حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وہ کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ جسٹس (ر) فخرالدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم ملک میں عام انتخابات آزادانہ اور منصفانہ انداز میں کرانے کے اتنے ہی ذمہ دار ہوں گے جتنا خود الیکشن کمیشن ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے محفوظ مستقبل کیلئے انتخابات کا بروقت انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں غلطیاں کیں لیکن اب ہم آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے روزانہ اٹھارہ گھنٹے کا م کررہے ہیں۔عام انتخابات کے عمل کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کی نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔