17 جنوری ، 2012
لاہور/پشاور… پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں شدیددھند چھائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے موٹر وے کو لاہور سے فیصل آباد اور پشاور سے رشکئی تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پنجاب میں پنڈی بھٹیاں انٹرچینج سے فیصل آباد تک شدید دھندکے سبب حد نظر صفر ہو گئی ہے جس کی وجہ سے موٹروے ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔ ادھر خیبر پختونخوا میں بھی دھند کے باعث پشاور اسلام آباد موٹروے کو پشاور سے رشکئی نوشہرہ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کیلیے بند کردیا گیا ہے۔ موٹروے ترجمان کا کہنا ہے کہ پشاور سے اسلام آباد جانے والوں کو جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔