Time 20 ستمبر ، 2024
صحت و سائنس

نزلہ زکام سے بچانے میں مددگار آسان ٹوٹکے

نزلہ زکام سے بچانے میں مددگار آسان ٹوٹکے
نزلہ نزکام کا کوئی مؤثر علاج موجود نہیں / فائل فوٹو

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر موسمی نزلہ زکام کا اب تک کوئی مؤثر علاج موجود نہیں بلکہ اس سے نجات کے لیے چند دن تک انتظار کرنا ہوتا ہے۔

مگر متعدد قدرتی ٹوٹکے ایسے ہیں جن سے عارضی ریلیف مل جاتا ہے۔

نزلہ زکام کے دوران جسمانی درد، حرارت، ٹھنڈ محسوس ہونا اور ناک بند ہونے جیسی علامات سے ہمیں اپنی حالت کافی خراب محسوس ہونے لگتی ہے۔

یہ گھریلو ٹوٹکے نزلہ زکام سے مکمل نجات تو نہیں دلاتے مگر ان سے مختلف علامات جیسے جسمانی درد، بخار، ناک بند ہونے اور کپکپی وغیرہ کی شدت میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

تو ایسے ٹوٹکے جانیں جو نزلہ زکام کی علامات کی شدت میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں۔

چکن سوپ

چکن سوپ واقعی نزلے کی علامات کی شدت میں کمی لانے کے لیے مؤثر ہے، یہاں تک کہ اس کی بھاپ کو سونگھنے سے بھی بند ناک کھل سکتی ہے۔

سوپ کو پینے سے جسم میں سیال کی کمی کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ گرم اور نمکین سوپ گلے کی سوجن کو کم کرتا ہے۔

ادرک

اینٹی آکسائیڈنٹس خصوصیات کے ساتھ ساتھ ادرک کو ورم کش بھی تصور کیا جاتا ہے اور اس کے استعمال سے مسلز کی تکلیف اور متلی کی کیفیت پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

ادرک کی چائے کا استعمال اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتا ہے جس کو پینے سے مسلز کی تکلیف میں کمی آتی ہے اور گلے کی خراش کم ہوتی ہے۔

شہد

شہد جراثیم کش ہوتا ہے اور چائے میں لیموں کے ساتھ اسے استعمال کرنے سے گلے کی خراش میں کمی آتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ شہد کسی کھانسی کے شربت جیسا کام کرتا ہے۔

لہسن

ایک تحقیق کے مطابق لہسن کے سپلیمنٹس کا روزانہ استعمال نزلہ زکام سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے مگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

البتہ لہسن کے استعمال سے نزلہ زکام کی علامات کی شدت میں کسی حد تک کمی ضرور آسکتی ہے۔

وٹامن سی

اس وٹامن کی نزلہ زکام سے لڑنے کے حوالے سے کافی تحقیقی کام ہوا ہے اور کچھ رپورٹس کے مطابق اس سے نزلے کے دورانیے میں ایک دن کی کمی لانا ممکن ہے۔

مگر نزلہ زکام سے متاثر ہونے کے بعد وٹامن سی کے استعمال سے علامات کی شدت میں کوئی خاص کمی نہیں آتی بلکہ پہلے سے اس کا استعمال عادت بنانا ضروری ہے۔

پرو بائیوٹیکس کا استعمال

پرو بائیوٹیکس ہمارے جسم کے لیے مفید بیکٹریا ہوتے ہیں جو مختلف غذاؤں اور سپلیمنٹس میں موجود ہوتے ہیں۔

یہ بیکٹریا معدے اور مدافعتی نظام کو صحت مند رکھنے کے ساتھ ساتھ بالائی نظام تنفس کے امراض جیسے نزلہ زکام اور کھانسی سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتے ہیں یا بیماری کا دورانیہ گھٹ جاتا ہے۔

دہی میں پرو بائیوٹیکس کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے تو اسے کھانا صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔

گرم چائے

یہ مشروب بھی چکن سوپ کی طرح کام کرتا ہے، اس کے بھاپ میں سانس لینے سے بند ناک کھلتی ہے جبکہ اسے پینے سے گلے کو سکون ملتا ہے اور جسم میں پانی کی کمی دور ہوتی ہے۔

سیاہ اور سبز چائے پینا عادت بنانے سے نزلہ زکام کو دور رکھنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

بھاپ سے مدد لیں

بھاپ میں سانس لینے سے بند ناک کو کھولنے میں مدد ملتی ہے جبکہ نزلے کی علامات کی شدت بھی کم ہوتی ہے۔

نمک ملے پانی سے غرارے

نمک ملے پانی سے غرارے کرنے سے گلے کی سوجن میں کمی آتی ہے جبکہ جراثیموں کا خاتمہ ہوتا ہے۔ دن میں 4 بار غرارے کرنے سے اس حوالے سے مدد مل سکتی ہے۔

وکس

ناک بہنے یا بند ہونے سے حالت کافی خراب محسوس ہوتی ہے جس سے ریلیف کا ایک آسان نسخہ وکس کی کچھ مقدار کو ناک کے نیچے یعنی ہونٹ پر لگانا ہے یا سینے یا گلے پر بھی اس کی مالش کی جاسکتی ہے۔

وکس میں موجود مینتھول سے کھانسی کی شدت بھی کم ہوتی ہے اور سانس کی بند نالیاں کھلتی ہیں۔

مختلف تیل بھی مددگار

مختلف اقسام کے تیل بھی نزلہ زکام اور نظام تنفس کی دیگر امراض کی علامات کی شدت میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

پودینے، ٹی ٹری آئل اور یوکلپٹس اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے نہانے سے قبل پانی میں ان میں سے کسی تیل کے چند قطرے شامل کردیں۔

مدافعتی نظام مضبوط بنائیں

مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے سے آپ مستقبل میں نزلہ زکام یا فلو کی علامات سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے ہر رات کم از کم 7 گھنٹے نیند کو یقینی بنائیں، صحت کے لیے بہترین غذا کا استعمال اور ورزش کرنا عادت بنائیں۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :