پاکستان
18 فروری ، 2013

پاکستان کودشمنوں کی نظر لگ گئی ،ہم تباہی کی طرف گامزن ہیں،الطا ف حسین

پاکستان کودشمنوں کی نظر لگ گئی ،ہم تباہی کی طرف گامزن ہیں،الطا ف حسین

لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سانحہ کوئٹہ پر دلی صدمہ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کودشمنوں کی نظر لگ گئی ہے اورہم تباہی کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے یہ بات آج پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے ایک ایک گھرکے کئی افرادشہیدہوئے ہیں ان کے لواحقین کی آہ وزاری کے مناظردیکھ کرمیرادل خون کے آنسوروتاہے، اہل تشیع کے اس سفاکانہ قتل عام پر شیعہ اورسنی مسلمان ہی نہیں بلکہ پاکستان کاہرشہری ،ہرانسان دکھی اورسراپااحتجاج ہے ۔ حافظ طاہر اشرفی نے سانحہ کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے وحشیانہ قتل عام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اورکہاکہ قتل کسی بھی مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے کاہووہ ایک انسان کاقتل ہے اورقابل مذمت ہے ۔انہوں نے دہشت گردی کے خاتمہ اور اتحاد بین المسلمین اور احترام انسانیت کے فروغ کیلئے پاکستان علماء کونسل کی جانب سے الطاف حسین کوبھرپورتعاون کایقین دلایا ۔دریں اثناء معروف مذہبی اسکا لر محترمہ خام طیبہ بخاری سے ٹیلی فون پر گفتگو کر تے ہوئے الطاف حسین نے سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کر تے ہوئے کہا کہ ہم اس ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں اور اٹھا تے رہیں گے ، اس کھلی بربر یت اور درندگی پر حکومت کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے ،ابھی علمدار روڈ کے شہداء کا چہلم بھی نہ ہوا تھا کہ ظالموں نے ہزارہ کمیونٹی پر ایک اور قیامت بپا کر دی جس میں بزرگوں ،خواتین ، نوجوانوں او رمعصوم بچے شہید ہوگئے یہ سراسر ظلم ہے حکومت سوگواران کے جائز مطالبات کو تسلیم کر ے اور ان سے اظہار ہمدردی کرے اور حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں ،سوگواران کے غم میں شریک ہونا چاہیئے اور سفاک قاتلوں کو ہر قیمت پر گرفتار کرنا چاہیئے ۔محترمہ خانم طیبہ نے اہل تشیع کے قتل عام پر اظہار ہمدردی کرنے پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی اہل تشیع پر کڑا وقت آیا آپ نے ہمت اور بہادری سے حق پرستانہ مئو قف اختیار کیا ۔ہمیں حکومت اور دہشت گرد ایک ہی صف میں نظر آتے ہیں اور اس کھلے ظلم پر حکومت کی بے حسی مجرمانہ ہے ، خانم طیبہ بخاری نے الطاف حسین کی صحت وسلامتی کیلئے دعا بھی کی ۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے جیو ٹی چینل سوات کے نمائندے موسیٰ خان خیل کی چوتھی بر سی کے موقع پر شہید کے سوگوار اہل خانہ اور صحافی براردی سے دلی تعز یت اور ہمدرد دی کا اظہار کیا ہے ۔

مزید خبریں :