Time 25 ستمبر ، 2024
پاکستان

لبنان پیجر دھماکے:کیا گارنٹی ہے ہمارے موبائل نہیں پھٹیں گے؟ سینیٹ کمیٹی نے سوال اٹھادیا

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے موبائل فونز کے دھماکے  سے  پھٹنے کے خدشات  اور  اس حوالے سے اقدامات  پر  سوالات  اٹھادیے۔

 سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرمین کامل علی آغا کی زیر صدارت ہوا۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ لبنان میں جو ہوا سب کے سامنے ہے، کیا پاکستان میں موبائل فون کے ٹیسٹ کی کوئی ٹیکنالوجی ہے؟ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کام شربت یا اچار ٹیسٹ رہ گیا ہے۔

چیئرمین کامل علی آغا نے سوال کیا کہ کیا پاکستان میں زیراستعمال موبائل لبنان واقعےکی طرح نہیں پھٹ سکتے؟ وزارت سائنس وٹیکنالوجی آئندہ اجلاس میں کمیٹی کو موبائل ٹیسٹ سے آگاہ کرے۔

کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ کئی خاندانوں کو جانتا ہوں  جنہوں نے بچوں کو موبائل استعمال کرنے سے منع کردیا ہے، یہ موبائل نہیں بم ہیں جو ہم اپنے سینے سے لگا کر رکھتے ہیں، اس چیز کی کیا گارنٹی ہےکہ یہ موبائل دھماکے سے نہیں پھٹ جائیں گے۔

 چیئرمین قائمہ کمیٹی نے وزارت سائنس کو ہدایت کی کہ اگلےکمیٹی اجلاس میں موبائل فون ٹیسٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔


مزید خبریں :