03 اکتوبر ، 2024
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قومی مالیاتی کیمشن (این ایف سی) سے متعلق بیانات کے بعد اپنے تحفظات وفاق کے سامنے اٹھا دیے ہیں کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ بڑھ تو سکتا ہے، کم نہیں ہوسکتا۔
صوبائی وزرا کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیرخزانہ نے مالیاتی ایوارڈ پر ہمارے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے، میثاق جمہوریت میں ججز کی سلیکشن کا طریقہ کار اور عدالت بننے کا عمل واضح ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو جس بحران میں ڈالا، اُسے سنبھالنے میں دو سال لگے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے بات کریں گے کہ کےالیکٹرک کے بورڈ میں سندھ حکومت کی نمائندگی ہو۔
مرادعلی شاہ کے دورے کے موقع پر پریس کلب کی گورننگ باڈی نے انہیں کلب کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے گورننگ باڈی ارکان کو مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔