Time 07 اکتوبر ، 2024
پاکستان

افغان وزارت خارجہ کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ناقابل قبول ہے: ترجمان دفتر خارجہ

افغان وزارت خارجہ کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ناقابل قبول ہے: ترجمان دفتر خارجہ
 افغان عبوری حکومت کو لیکچر دینے کے بجائے اپنےگھریلو مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے: ممتاز زہرا بلوچ۔ فو

پاکستان نے افغان وزارت خارجہ کے بیان کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے اس کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جواب میں کہنا تھا پاکستان، افغان وزارت خارجہ کے ترجمان کے غیر سنجیدہ بیان کو سختی سے مسترد کرتا ہے، افغان وزارت خارجہ کا بیان پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول اور قابل مذمت مداخلت ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا افغان عبوری حکومت کو لیکچر دینے کے بجائے اپنےگھریلو مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے، افغان حکومت مذہب کی گمراہ کن تشریح سے خواتین کے حقوق کم کرنے کے بجائے تعلیم سمیت اپنے لوگوں کی ضروریات پوری کرے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا افغان عبوری حکومت کو دہشتگرد گروپوں کو جگہ دینے سے انکار کرتے ہوئے عالمی برادری سے کیے وعدوں کو پورا کرنا چاہیے، افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہ پڑوسی ممالک میں امن و سلامتی کو سنگین خطرے میں ڈال رہے ہیں، افغان عبوری حکومت افغانستان کو ایک بار پھر عالمی دہشت گردی کا مرکز بننے سے روکے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور تعاون کے لیے پرعزم ہے، توقع ہے افغانستان سمیت تمام ممالک ذمہ دارانہ بین الاقوامی طرزعمل اور بین الریاستی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کریں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل افغانستان کی وزارت خارجہ نے پاکستان کے سیاسی معاملات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

مزید خبریں :