20 فروری ، 2013
اسلام آباد … تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا اور بلوچستان میں 10 سال سے اسکول بند پڑے ہیں بچے دہشت گرد نہ بنیں تو کیا بنیں، لاہور میں 500کروڑ کی کرپشن سے ایک گھر بنا ہے، حکومت میں آ کر اس گھر کو بچوں کی تعلیم کیلئے وقف کر دیں گے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے زیر اہتمام تعلیم سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سونامی 3 صوبوں میں پہنچ گیا ہے اور ایک صوبے میں پہنچ رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آ کر کرپشن کا پیسہ پکڑ کر تعلیم پر خرچ کریں گے، تعلیمی نظام میں سیاسی مداخلت ختم کریں گے، مدارس کو قومی دھارے میں لائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ فاٹا اور بلوچستان میں گزشتہ 10سال سے اسکول بند پڑے ہیں، وہاں کے بچے انتہا پسند نہیں بنیں گے تو اور کیا بنیں گے، لاہور میں 500کروڑ کی کرپشن سے ایک گھر بنا ہے، حکومت میں آ کر اس گھر کو بچوں کی تعلیم کیلئے وقف کر دیں گے۔