Time 15 اکتوبر ، 2024
پاکستان

عمران خان کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کے  اڈیالہ جیل میں طبی معائنے کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

میڈیکل رپورٹ پمز اسپتال کے دو ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مکمل فٹ اور ایکٹیو ہیں۔

میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر بھی نارمل ہے۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو  5 روز سے بدہضمی کی شکایت تھی جس کے لیے وہ پہلے سے ہی دوائیاں استعمال کررہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ کچھ ماہ سے  ٹنی ٹس بیماری کی بھی شکایت تھی جس کے لیے وہ پہلے ہی ادویات لے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کانوں کی بیماری سے متعلق کوئی نئی شکایت نہیں کی، بانی پی ٹی آئی مکمل صحت مند ہیں اور فی الوقت انہیں کسی نئی میڈیکیشن کی ضرورت نہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی درخواست پر کیا گیا۔

عمران خان کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی
فوٹو: ایکس

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے۔

حکومت نے عمران خان کا طبی معائنہ کرانے کی شرط مان لی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی نے آج کا احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :