Time 16 اکتوبر ، 2024
دنیا

ایرانی فورسز کی فائرنگ سے 200 سے زائد افغان شہری جاں بحق، افغان میڈیا کا دعویٰ

افغان میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں فائرنگ سے 200 سےزیادہ افغان شہری جاں بحق ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق افغان شہری غیر قانونی طریقے سے ایران میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، ایران میں داخل ہونے والے افغان شہریوں کو  ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی بارڈر گارڈز کی جانب سے فائرنگ کی تردید کی گئی ہے۔

ایران میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق ایران میں داخلے کی کوشش کرنے والے افغانوں کی تعداد 300 تھی، ایرانی بارڈرگارڈز نے پہاڑوں میں چھپ کر افغان شہریوں کو نشانہ بنایا۔

انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق ایرانی بارڈر گارڈز کی فائرنگ سے صرف 50 افغان شہری بچ سکے۔

افغان عینی شاہد کا بتانا ہے کہ ہمیں ایران کے علاقے کلگان سراوان میں نشانہ بنایا گیا، ہمارے قافلے میں 300 افراد تھے جن میں سے 270 یا 280 مارے گئے۔

دوسری جانب افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغان حکومت واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حکومتی ادارے اور سفارتی مشنز  اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں۔

مزید خبریں :