Time 19 اکتوبر ، 2024
پاکستان

مخصوص نشستوں کے کیس میں 8 ججوں کی دوسری وضاحت، چیف جسٹس نے ڈپٹی رجسٹرار سے جواب طلب کرلیا

مخصوص نشستوں کے کیس میں 8 ججوں کی دوسری وضاحت، چیف جسٹس نے ڈپٹی رجسٹرار سے جواب طلب کرلیا
بغیراوریجنل فائل جمع کرائے وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پرکیسےآئی؟ ویب ماسٹرسے جواب طلب

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مخصوص نشستوں کے کیس میں 8 ججوں کی دوسری وضاحت پر ڈپٹی رجسٹرار مجاہد محمود سے وضاحت طلب کرلی۔

چیف جسٹس نے اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد حبیب اور ویب ماسٹر عاصم جاوید سے بھی وضاحت طلب کر لی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وضاحت طلب کی کہ اوریجنل فائل جمع کیے بغیر وضاحت کیسے جاری ہوئی؟

ذرائع کے مطابق ڈپٹی رجسٹرار اور اسسٹنٹ رجسٹرار عمل درآمد کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویب ماسٹرسے جواب طلب کیا گیا ہے کہ بغیراوریجنل فائل جمع کرائے وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پرکیسےآئی؟

خیال رہے کہ گزشتہ روز مخصوص نشستوں کے کیس پر سپریم کورٹ کے اکثریتی 8 ججز نے دوسری مرتبہ وضاحت جاری کی تھی۔ 

اکثریتی ججز کے مطابق الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے 12 جولائی کا فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہو سکتا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے ماضی سے اطلاق کو وجہ بنا کر فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا، مختصر حکمنامے کے بعد الیکشن ایکٹ میں کی جانے والی ترامیم کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ اس کے جواب میں ذرائع کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن نے تاحال مخصوص نشستوں پر الیکشن ایکٹ ترمیم پر عملدرآمد کا فیصلہ نہیں کیا تاہم کمیشن کا الیکشن ایکٹ ترمیم پر عملدرآمد کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں کہ قانون میں ترمیم کی صورت میں نئے قانون پر عملدرآمد ہوگا۔

مزید خبریں :