20 اکتوبر ، 2024
اسرائیل نے غزہ پر فضا سے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے نام یحییٰ سنوار کی لاش والے پیغامات کے کتابچے گرا دیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل نے جنوبی غزہ پر طیاروں کی مدد سے پیغام سے بھرے کتابچے گرائے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان کتابچوں پر اسرائیل کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصویر تھی جس پر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے نام پیغام لکھا ہوا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کتابچوں میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کو پیغام لکھا کہ ' حماس اب غزہ پر مزید حکمرانی نہیں کرسکتی'۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی شہر خان یونس کے رہائشیوں اور آن لائن گردش کرنے والی تصاویر کے مطابق عربی زبان میں لکھے گئے کتابچے میں مزید لکھا گیا تھا کہ 'جو کوئی بھی ہتھیار پھینک کر یرغمالیوں کو حوالے کرے گا، اسے وہاں سے نکلنے اور امن سے رہنے کی اجازت ہوگی'۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ کی پٹی میں کم از کم 32 افراد شہید ہوئے اور شمال میں جبالیہ کیمپ کے اسپتالوں کا محاصرہ سخت کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کو ایک سال سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے جس میں اب تک 44 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔