17 جنوری ، 2012
دبئی… پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم کپتان اسٹراس کی قیادت میں اے این کک، ٹروٹ، پیٹرسن، بیل، مورگن، ایم جے پرائر، براڈ، جی پی سوان، اینڈرسن، اور ٹرملیٹ پر مشتمل ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کپتان مصباح الحق کی قیادت میں محمد حفیظ، توفیق عمر، اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق، عدنان اکمل، عبد الرحمن، عمر گل، سعید اجمل اور اعزاز پر مشتمل ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر تقریباً ڈیڑھ ماہ طویل دورے کا آغاز ہوا ہے۔ موجودہ صورتحال میں ایشین بیسٹ ٹیم پاکستان اور عالمی نمبر ایک انگلینڈ نے مورچے سنبھال لیے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ ڈیڑھ برس میں کھیلے گئے میچز میں سے صرف ایک میں شکست کھائی ہے جبکہ دیگر ایشین ٹیمیں بھارت اور سری لنکا کی مسلسل شکستوں کے پیش نظر کامیابیوں کے اعتبار سے پاکستان کو ایشیا کی بہترین ٹیم کا درجہ حاصل ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور انگلینڈ کے کپتان اینڈریو اسٹراس نے تسلیم کیا ہے کہ سیریز میں بیٹسمینوں پر دباؤ ہو گا۔ دبئی اسپورٹس سٹی کی وکٹ اسپن بولنگ کیلئے سازگار ہے۔