22 فروری ، 2013
اسلام آباد…مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشیدنے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے پاس انتخابات کے لیے امیدواروں کی کمی نہیں اور نہ ہی انھیں کسی انتہا پسند جماعت کی حمایت چاہیے ۔ مسلم لیگ(ن ) کے سینیٹر پرویز رشیدنے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ(ن) پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے اور اس کے پاس ہر حلقے سے انتخابات کے لیے اُمیدوار موجود ہیں۔امیدواروں کی زیادہ تعداد ہونے کے باعث شارٹ لسٹنگ اختتامی مراحل میں ہے۔مسلم لیگ(ن) نے اپنے گزشتہ اور اس دور میں لشکر جھنگوی کے خلاف کارروائی کی اور ملک اسحاق سمیت دیگر انتہا پسندوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں شدت پسندوں کے خلاف سنجیدہ رویہ اختیار نہیں کیا جس کی وجہ سے گرفتار ملزمان کو کمزور کیسز کی وجہ سے یا تو رہا کردیا گیا یا پھر ضمانتوں پر چھوڑدیا گیا۔حکومت پنجاب نے فرقہ وارانہ سطح پر کسی گروہ یا تنظیم کی حمایت نہیں کی بلکہ ہمیشہ بین الفرقہ ہم آہنگی کی بات کی۔