24 فروری ، 2013
لاہور…متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا ہارون کاکہناہے کہ الیکشن کمیشن جعلی ڈگری والوں کو نااہل قرار دے ، جعلی ڈگریوں کا معاملہ جنہوں نے شروع کیا ،اب ان کا موٴقف کیوں تبدیل ہو گیا۔ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ جعلی ڈگری کے قانون پر ایم کیو ایم اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا مکمل اتفاق ہے ،رضا ہارون کا کہناتھا کہ آج سندھ بڑا اُداس ہے، صوبائی وزیرتعلیم پیر مظہرالحق کا بیان صوبے کو نظریاتی طورپرتقسیم کرنے کے برابر ہے، ایم کیوایم سندھ کی تقسیم نہیں چاہتی، ہمیں حکومت ملی تو سندھ کے ہرعلاقے میں آبادی کے لحاظ سے یونی ورسٹیز بنائیں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کونواز شریف سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ، گورنر سندھ کی وطن واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کا فیصلہ چند دن میں ہوجائے گا۔