20 نومبر ، 2024
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کا دورہ کیا اور بین الاقوامی نمائش کنندگان کے ہتھیاروں اور آلات کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے تقریب میں موجود غیرملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین سےگفتگو بھی کی۔ آرمی چیف نے نمائش میں دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی شرکت کو سراہا۔غیرملکی مندوبین نے نمائش اورپاکستان کی دفاعی صنعت پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے جدید ترین ڈرون شہپر تھری کا افتتاح بھی کیا، شہپر تھری میزائل اور تارپیڈو سمیت وسیع پیمانے پرگولہ بارود لے جانےکی صلاحیت رکھتا ہے۔ 35 ہزار فٹ کی بلندی پر 24 گھنٹے سے زائد پرواز کرسکتا ہے۔نمائش میں شہپر تھری توجہ کا مرکز رہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آئیڈیاز 2024 کی نمائش میں 36 ممالک نے اسٹال لگائے ہیں، 17 ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ نمائش میں 557 نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش میں 333 بین الاقوامی اور 224 ملکی نمائش کنندگان شامل ہیں۔
آئیڈیاز 2024 بائیس نومبر 2024 تک جاری رہے گی۔