24 نومبر ، 2024
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی صرف مس کالیں دے رہے ہیں، ابھی پانچ سال تک ان کی کالیں نہیں ملنے والی ہیں۔
لندن میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے گول گول گھوم کرواپس وہیں جائیں گے جہاں سے آئے تھے، یہ سیاسی، جذباتی اور آخری اوور کا گیم ہے،اس کےبعداوورختم ہوجائےگا، ان کی باتوں سے فرسٹریشن ظاہر ہوتی ہے۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کے بیان کو ان کی اپنی پارٹی نے بھی اون نہیں کیا اگر بانی نے بشریٰ بی بی سے ایسی کوئی بات کی ہے تو حلف توڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کچھ ہوا بھی تھا تو بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم راز افشا نہ کرنے حلف اٹھایا ہے، اگر بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی سے ایسی کوئی بات کی ہے تو حلف توڑا ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اگر یہ سب بہت سی باتوں کو جوڑ کر رہے ہیں تو یہ ملکی خودمختاری و سالمیت کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کیلئے کوششیں کر رہا ہے، دوست ممالک ساتھ ہیں، پی ٹی آئی والے جو بھی کریں گے وہ نہ دوست ممالک کو پسند آئے گا نہ ہی پاکستانی عوام کو پسند آئے گا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایسا دوست ملک ہے جس نے پاکستان کو ہمیشہ مشکل حالات سے نکالا، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے دیرینہ مذہبی اور بردرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی باتوں سے فرسٹریشن ظاہر ہوتی ہے، سیاسی طور پر وہ جو باتیں کر رہے ہیں وہ سیاسی لوگ ضرور کرتے ہیں، اس سے پہلے بھی جو اپوزیشن میں رہے وہ ان سے زیادہ باتیں کرتے رہے۔