24 نومبر ، 2024
بولاوائیو : پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں دونوں ٹیمیں اورنج کیپ پہنے میدان میں کھیلنے کے لیے آئیں۔
زمبابوے اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے اس وقت زمبابوے کے شہر بولاوائیو میں جاری ہے اور آج میچ میں زمبابوے میں کینسر سے متاثرہ بچوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی مدد کیلئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اورنج کیپ پہنی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ پاکستان ٹیم میں نوجوان کھلاڑی بھی شامل ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے فیصل اکرم ڈیبیو کر رہے ہیں۔
پاکستان کی فائنل الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد رضوان ، حسیب اللہ، سلمان آغا اور عرفان خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم بھی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔