25 فروری ، 2013
بہاولپور … مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کسان دشمنوں کی جماعت ہے انہیں میلے کپڑوں والے لوگ پسند نہیں۔ بہاولپور کی تحصیل یزمان میں مسلم لیگ ق کی جانب سے جلسے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں چولستان سمیت دیگر علاقوں سے لوگوں نے شرکت کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ بنتے ہی وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف کیا تاکہ ان کا احساس محرومی دور کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں کسان بار دانے کیلئے لائنیں لگاتے ہیں لیکن ان کے دور میں ایسا نہیں تھا، نواز شریف، شہباز شریف اور ن لیگ والوں کو کسان پسند نہیں ، 1990ء میں نواز شریف نے سب سے پہلے کسانوں کا پانی بند کیا۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دور میں میٹرک تک تعلیم مفت کردی لیکن ووٹوں کو نہیں دیکھا، لیکن آج ووٹ حاصل کرنے کیلئے لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی تمام اسکیمیں فیل ہوگئیں، وہ بس تو چلا نہیں سکتے حکومت کیا چلائیں گے۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ اٹک سے لیکر پورے پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ ق زندہ ہے، اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو ترقی کا پہیہ وہیں سے چلے گا، جہاں سے رکا تھا۔