پاکستان
25 فروری ، 2013

ملک اسحاق کو اسلحہ لائسنسوں کا اجراء، رحمان ملک تحقیقات کریں، پرویز رشید

 ملک اسحاق کو اسلحہ لائسنسوں کا اجراء، رحمان ملک تحقیقات کریں، پرویز رشید

لاہور … ترجمان پنجاب حکومت سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک اسحاق اور اس کے 2 بیٹوں کو پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے 11 اسلحہ لائسنس جاری کئے، رحمان ملک پنجاب حکومت پر الزامات کی بجائے اس معاملے کی چھان بین کریں۔ ترجمان پنجاب حکومت سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک اسحاق ، اس کے 2 بیٹوں ملک عثمان اور ملک محمد حق نواز کو سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے 11 اسلحہ لائسنس جاری کئے اور یہ پیپلز پارٹی کی اپنی حکومتیں ہیں، ملک اسحاق اور ان کے بیٹوں کو ممنوعہ بور کے لائسنس وفاقی حکومت نے دیئے، پنجاب حکومت نے انہیں کبھی کوئی لائسنس جاری نہیں کیا بلکہ وفاقی حکومت کو بار بار یاد دہانی کرائی کہ ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کرنا بند کرے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ملک اسحاق کو 2 مرتبہ شہباز شریف کی حکومت نے ہی گرفتار کیا، رحمان ملک سیاسی مقاصد کیلئے پنجاب حکومت پر گمراہ کن الزامات کی بجائے ملک اسحاق کو جاری ہونے والے اسلحہ لائسنسوں کی چھان بین کریں۔

مزید خبریں :