25 فروری ، 2013
اسلام آباد … ایم کیو ایم نے حیدر آباد میں یونیورسٹی نہ بنانے سے متعلق وزیر تعلیم سندھ کے بیان کے خلاف سینیٹ اور قومی اسمبلی سے واک آوٴٹ کیا، طاہر مشہدی کا کہنا ہے کہ پیر مظہرالحق نے سندھ کو تقسیم کرنے کی آواز بلند کی ہے۔ ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی نے وزیرتعلیم سندھ کے بیان کے خلاف ایوان سے واک آوٴٹ کیا۔ عبدالقادر خانزادہ نے کہا کہ پیر مظہرالحق حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کی مخالفت پر معافی مانگیں، ان کا بیان عوام اور وطن دشمنی ہے، وہ نئی یونیورسٹیاں بنانے کا اعلان کریں۔ عبدالقادر خانزادہ نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں پیر مظہر الحق سے معافی کے مطالبے کی قرارداد پیش کرے۔ سینیٹ کے اجلاس میں بھی ایم کیو ایم کے ارکان نے پیر مظہرالحق کے بیان کے خلاف احتجاج اور ایوان سے واک آوٴٹ کیا۔ سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ پیر مظہرالحق کا بیان سندھ کو تقسیم کرنے اور عوام کو تعلیم سے محروم رکھنے کی آواز ہے۔