26 فروری ، 2013
اسلام آباد… ایم کیو ایم نے منگل کو بھی قومی اسمبلی میں پیر مظہر الحق کے بیان کیخلاف احتجاج کیا جبکہ پیپلز پارٹی کے رکن نواب محمد یوسف تالپور نے کہا ہے کہ پیر مظہر الحق نے اپنے بیان کے ایک گھنٹہ بعد ہی یہ بیان واپس لے لیا تھا، ایم کیو ایم بعض معاملات میں ایسی بات کہہ جاتی ہے جس سے ہمارے دل بھی دکھتے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر ساجد احمد نے کہا کہ سندھ کے وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے حیدر آباد یونیورسٹی کی مخالفت کی ہم اس بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ حیدر آباد یونیورسٹی کے قیام کا بل ایک سال سے صوبائی اسمبلی میں زیر التواء ہے۔ یہ بل فوری طور پر منظور کیا جائے ورنہ سندھ کے لوگ سراپا احتجاج رہیں گے۔ نواب محمد یوسف تالپور نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ سندھ کے سارے لوگوں کو چاہئے کہ اچھے ماحول میں مل جل کر مسائل حل کرنے چاہئیں۔ اٹھارویں ترمیم کے تحت جو چیزیں صوبوں کو منتقل ہوئی ہیں وہ مختلف طریقوں سے واپس لی جا رہی ہیں۔ یہ اٹھارویں ترمیم جیسے کارنامے کو ناکام بنانے کی سازش ہے۔