29 فروری ، 2012
لاہور … قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جنرل شجاع پاشا کے دور میں پرویز مشرف حکومت سے زیادہ اینٹلی جنس ناکامیاں سامنے آئیں جن کی ذمہ داری آئی ایس آئی کے چیف پر عائد ہوتی ہے،نیا ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کرکے نئے دور کا آغاز کیا جانا چاہئے۔ ایوان وزیرِاعلیٰ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ جنرل پاشا کے دورمیں ایبٹ آباد، ممبئی حملے، مہران بیس، سلالہ چیک پوسٹ اور میمو گیٹ جیسے گھمبیر واقعات ہوئے، اگر انہیں ملازمت میں مزید توسیع دی گئی تو ن لیگ، سول سوسائٹی اور عوام سراپاء احتجاج ہوں گے۔ ان کا کہناتھا کہ ایک سیاسی جماعت کو آگے لانے کیلئے بھی آئی ایس آئی کو استعمال کیا جارہا ہے،جس کیخلاف وہ عدالت میں جائیں گے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ گمشدہ افراد کے حوالے سے قرار داد پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں لائیں گے، اگر کوئی عسکریت پسندملک دشمن ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جانی چاہئے۔ ان کا کہناتھا کہ گلگت کے واقعے سے ثابت ہوگیا کہ ملک میں حکومت اور سیکیورٹی ایجنسی نام کی کوئی چیز نہیں۔ انہوں نے ریڈیو ٹیکس کی تجویز کو غیرقانونی اور عوام پر ظلم قرار دیا اور پیمرا کی میڈیا پر مجوزہ پابندیوں کی بھی کھل کر مخالفت کی۔ انہوں نے وحیدہ شاہ معاملے پرالیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔