29 فروری ، 2012
کراچی … تحریک صوبہ ہزارہ کے چیئرمین بابا حیدر زمان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں ہزارہ صوبے کیلئے قرار داد پیش کرنے پر ایم کیو ایم کے شکرگزار ہیں۔ یہ بات انہوں نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ بابا حیدر زمان نے کہا کہ سرائیکی صوبہ بناکر ہزارہ کو صوبہ نہ بنانے سے انارکی پھیلے گی اور کچھ بھی ہو جائے ہزارہ صوبہ ہر حالت میں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک صوبہ ہزارہ ایک سیاسی جماعت ہے، کراچی اور لاہور سمیت دیگر شہروں سے بھی الیکشن لڑے گی۔ چیئرمین تحریک صوبہ ہزارہ نے کہا کہ ہماری جماعت عام لوگوں پر مشتمل ہے آئندہ الیکشن میں ایک بھرپور قوت بن کر ابھریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت امن و امان قائم نہیں کر سکتی اسے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔