11 دسمبر ، 2024
شام میں بشارالاسد حکومت کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے بڑے شہروں میں خوراک کی قلت ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے کے مطابق اسد حکومت کے خاتمے کے بعد دمشق، دیرالزور،حماہ اور بڑے شہروں میں خوراک کی قلت ہے۔
ادلب اور حلب میں 27 نومبر سے 9 دسمبرکےدرمیان روٹی کی قیمت میں900 فیصد جب کہ مرغی کی قیمت میں 119فیصداضافہ ہوا، قنیطرہ، منبج اور دیر الزور میں خوراک کی تقسیم اور بنیادی ضرورت کی اشیاء تک رسائی شدید متاثر ہے، تبقا میں کم از کم 6 ہزار خاندانوں کو فوری خوراک کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق شرح مبادلہ میں انتہائی اتار چڑھاؤ کے نتیجے میں معاشی عدم استحکام بھی دیکھنے کو ملا جس کےنتیجےمیں دکانیں بند ہیں اور تاجر اجناس ذخیرہ کررہے ہیں۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی کا بتانا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن جمعہ کو ترکیےکا دورہ کریں گے جس دوران وہ اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کریں گے جس میں شام کی صورتحال پرتبادلہ خیال متوقع ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آ ئی تھی کہ بائیڈن انتظامیہ نے بشار الاسد حکومت کا تختہ الٹنے والے باغی گروپ حیات التحریر سے رابطہ کرکے شام میں ایک جامع حکومت کے قیام پر زور دیا ہے۔