27 فروری ، 2013
کراچی … سندھ اسمبلی میں حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی، قرار داد ایم کیو ایم کے رکن وسیم احمد نے پیش کی۔ سندھ اسمبلی میں حیدر آباد یونیورسٹی کے قیام کی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ حکومت حیدرآباد شہر میں پبلک سیکٹر میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائے، حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کی پیپلزپارٹی نے بھی حمایت کی۔ سید سردار احمد نے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد یونیورسٹی بل ایوان میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے باوجود حیدرآباد یونیورسٹی سے متعلق ہمارا بل ایوان میں نہ لانا افسوسناک ہے ۔جس پر قائم مقام اسپیکر شہلا رضا کا کہنا تھا کہ ہمیں بل ملا تھا محکمہ خزانہ اور قانون کو بھجوایا ہے اب تک رپورٹ نہیں آئی ۔ پیر مظہرالحق نے کہا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کی مخالفت نہیں کرتے، محکمہ خزانہ اور وزیراعلیٰ سندھ کی جب تک منظوری نہیں آتی بل پیش نہیں کرسکتے۔ ایاز سومرو نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ حیدرآباد یونیورسٹی کے معاملے پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔