15 دسمبر ، 2024
وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال پولیو کے 60 کیسز سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے حکومت کے لیے چیلنج قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں انسداد پولیو مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان کے ساتھ پولیو کے خاتمے کی مہم میں شراکت داری پر بل گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارہ صحت اور سعودی عرب سمیت عالمی اداروں کے مشکور ہیں، پاکستان سمیت دیگر ممالک کی بھرپور معاونت کرنے پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مختار بھرتھ اور عائشہ رضا فاروق کی نگرانی میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمے کی یہ جنگ ہم جیتیں گے، ماضی میں مشکلات کی وجہ سے پاکستان میں پولیو کے60 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو ہمارے لیے ایک چیلنج ہیں، یہ ہمارا عزم ہےکہ پولیو کے مرض کو پاکستان سے ختم کرکے دم لیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے 5 سال سے کم عمربچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا، یہ پولیو مہم 19 دسمبرتک جاری رہےگی۔