16 دسمبر ، 2024
کراچی میں رنگا رنگ 2 روزہ سندھ لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، سندھ ادبی میلے کے آخری روز سیاست، سماجیات، عوامی مسائل اور فنون لطیفہ سمیت مختلف موضوعات پر سیشنز کا اہتمام کیا گیا۔
فیسٹیول کے آخری روز بھی کتابوں کی رونمائی اور موسیقی کے ساتھ سندھ کا روایتی رقص بھی پیش کیا گیا جبکہ اسکیچز بینڈ کے معروف گلوکار سیف سمیجو نے جدید موسیقی کے امتزاج کیساتھ صوفیانہ کلام پیش کرکے ماحول پر وجد طاری کردیا۔
سندھی ادبی میلے کے آخری روز مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پرانے شعراء کے ہمراہ نئے دور کے نوجوان شعراء نے بھی اپنا کلام سنا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔
دو دنوں تک لیاقت نیشنل لائبرری میں جاری رہنے والے سندھ لٹریچر فیسٹیول میں ادب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ فیسٹیول میں سندھی آرٹ کے نمونوں کو بھی پیش کیا گیا جبکہ سندھ کی ثقافت، کتابوں اور روایتی دستکاری کے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے جو ہر آنے والے کی توجہ کا مرکز رہے۔
فیسٹیول کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ثقافتی رنگوں اور سرگرمیوں سے بھرپور سندھ لٹریچر فیسٹیول کا مقصد سندھی ادب، ثقافت، سیاسی و سماجی موضوعات اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ہوتا ہے۔
سندھ لٹریچر فیسٹیول کے بانی نصیر گوپانگ اور منیجنگ ڈائریکٹر زوہیب کاکا نے بھرپور تعاون کرنے پر فیسٹیول کے اختتام پر محکمہ ثقافت سندھ، سندھ ایجوکیشن فاﺅنڈیشن سمیت دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا۔