Time 31 دسمبر ، 2024
پاکستان

ضلع کُرم میں قیام امن کیلئے آج فریقین کے درمیان معاہدہ طے پانے کا امکان

ضلع کُرم میں قیام امن کیلئے آج فریقین کے درمیان معاہدہ طے پانے کا امکان
فوٹو: انٹرنیٹ

ضلع کُرم میں قیام امن کیلئے آج فریقین کے درمیان معاہدہ طے پانے کا امکان ہے، کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق معاہدے پر دستخط کرنے والے ایک فریق کے مشران کئی دن سے کوہاٹ میں موجود ہیں جبکہ مزید 2 دن کی مہلت مانگنے والے فریق کے مشران بھی آج کوہاٹ پہنچ جائیں گے۔ 

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ فریقین میں عمومی اتفاقِ رائے ہوچکا ہے۔

امن معاہدے میں بنکرز کا خاتمہ، فریقین کی بھاری اسلحے سے دست برداری شامل ہے جبکہ ٹل پارہ چنار روڈ پر نقل حرکت کانوائے کی صورت میں ہوگی، دہشتگردی کا واقعہ ہونے کی صورت میں صرف حکومت ہی کارروائی کرے گی۔ 

واضح رہے کہ تقریباً 3  ماہ سے ٹل پارہ چنار شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے پارہ چنار میں غذا اور ادویات کی کمی کی وجہ سے حالات انتہائی تشویشناک ہیں۔

راستے کی بندش کے خلاف پارہ چنار میں دھرنا جاری ہے جبکہ پشاور، لاہور، کراچی، جھنگ ،ملتان ، مظفر آباداور گلگت سمیت مختلف شہروں میں بھی دھرنے دیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :