28 فروری ، 2013
روم … کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینی ڈکٹ ویٹی کن چھوڑ کر پاپائے روم کی عارضی قیام گاہ پر چلے گئے، پوپ کے منصب سے ان کی علیحدگی رات 12 بجے ہوجائیگی۔ پوپ بینی ڈکٹ نے رواں ماہ کے وسط میں خرابی صحت کی وجہ سے استعفے کا اعلان کیا تھا، پچھلے 600 سال میں پاپائے روم کا منصب چھوڑنے والے وہ پہلے پوپ ہیں۔ ویٹی کن میں کارڈینلز سے الوداعی خطاب میں اْن کا کہنا تھا کہ جو بھی نیا پوپ آئے گا وہ اس کی غیر مشروط اطاعت اور تعاون کریں گے۔ الوداعی تقریب کے بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پاپائے روم کی عارضی قیام گاہ پر چلے گئے جو روم کے جنوب میں واقع ہے، یہاں وہ 2 ماہ تک قیام کریں گے اور پھر واپس ویٹی کن میں اپنی مستقل قیام گاہ پر آجائیں گے جس کی تزئین و آرائش کی جارہی ہے۔ پوپ بینی ڈکٹ کا استعفیٰ آج رات 12 بجے مووٴثر ہوجائے گا اور وہ پوپ کے منصب پر فائز نہیں رہیں گے۔