01 جنوری ، 2025
پشاور: کرم میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کوہاٹ میں ہونے والا گرینڈ جرگہ ملتوی ہونے کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کوہاٹ گرینڈ جرگہ ایک فریق کی درخواست پر بدھ تک ملتوی کیا گیا، درخواست کرنے والے فریق کے 3 عمائدین گزشتہ روز کوہاٹ نہیں پہنچ سکے، جرگے کا ایک رکن پشاور میں ہونے اور 2 اراکین خاندان میں اموات کے باعث کوہاٹ نہ پہنچ سکے۔
سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ جرگے کی نشست درخواست کرنے والے فریق کے کہنے پر ملتوی کی گئی، جرگے میں فریقین کے درمیان کوئی ڈیڈلاک نہیں، دونوں تقریباً تمام نکات پر متفق ہیں۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ جرگے میں آج دونوں فریقین کے درمیان امن معاہدہ ہونے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق امن معاہدے پر ایک فریق پہلے ہی دستخط کر چکا ہے، امن معاہدے کے تحت ضلع کو اسلحے سے پاک اور بنکرز کا خاتمہ کیا جائے گا، علاقے میں کہیں بھی دہشتگردی ہوئی تو حکومت کارروائی کرےگی۔
اس حوالے سے ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے صوبائی حکومت تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیےکوشاں ہے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کی کوششوں سے ایک صدی سے زائد پرانا تنازع پائیدار حل کے قریب ہے، اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق علاقے کو اسلحے سے پاک کیا جائے گا۔