31 دسمبر ، 2024
خیبرپختونخوا کے ضلع کُرم میں قیام امن کیلئے گرینڈ امن جرگے میں دوسرے فریق کی جانب سے معاہدے پر دستخط نہیں کیے جاسکے۔
ضلع کُرم میں قیام امن کیلئے کوہاٹ میں گرینڈ امن جرگہ کی آج کی نشست برخاست ہو گئی اور اب جرگہ کل ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امن معاہدے پر ایک فریق پہلے ہی دستخط کرچکا ہے، دوسرے فریق کے دستخط کے بعد ممکنہ طور پرآج معاہدے کو حتمی شکل دی جانی تھی۔
جرگہ ممبر کا کہنا ہے کہ بدھ تک کا وقت مانگا تھا، جرگہ آج ہی طلب کرلیاگیا۔
حاجی ملک ثواب خان کا کہنا ہے کہ جرگہ جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائےگا، حکومت نے جرگے کیلئے بدھ کا دن مقررکیاتھا، دونوں فریق مورچے خالی اور مسمار کرنے پر راضی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک فریق کو افغان بارڈر سے طالبان کے حملوں کاخدشہ ہے اور افغان حملے کے خدشے کی وجہ سے ایک فریق اسلحہ جمع نہیں کرارہا، معاملات جلد طے پانے اور سڑکیں کھولنےکی کوشش کررہےہیں۔
دوسری جانب پارا چنار مرکزی شاہراہ، پاک افغان سرحد اور آمدورفت کے دیگر راستے ڈھائی ماہ سے بند ہونے کے باعث علاقے میں دوائیں اور کھانے پینے کی اشیا ختم ہوچکی ہیں۔
راستوں کی بندش پر پاراچنار پریس کلب کے باہر دو ہفتوں سے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔