02 جنوری ، 2025
فلسطینی اتھارٹی نے قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ ٹی وی کی نشریات معطل کر دیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارتی کمیٹی، جس میں وزارت ثقافت، داخلہ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے نمائندے شامل ہیں، نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کی نشریات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمیٹی نے بتایا کہ یہ فیصلہ الجزیرہ کے فلسطینی قوانین اور ضوابط کی بار بار خلاف ورزیوں کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
فلسطینی حکام نے الجزیرہ نیٹ ورک پر اشتعال انگیز مواد نشر کرنے، غلط معلومات پھیلانے اور فلسطینی امور میں مداخلت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
کمیٹی نے الجزیرہ سے وابستہ تمام صحافیوں، عملے اور چینلز کی عارضی طور پر معطلی کا بھی حکم دیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ معطلی عارضی طور پر کی گئی ہے اور یہ اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک الجزیرہ نیٹ ورک فلسطینی ضوابط کے مطابق اپنے قانونی مؤقف کو درست نہیں کر لیتا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے بھی قطری ٹی وی چینل الجزیرہ کی نشریات پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔