04 جنوری ، 2025
نو متخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل کرنے والے رپبلکن رہنما مائیک جانسن دوبارہ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر منتخب ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو نئی گانگریس کے پہلے دن رپبلکن رہنما مائیک جانسن پہلے مرحلے میں ووٹنگ کے ذریعے انتہائی کم فرق سے ایوان نمائندگان کے اسپیکر منتخب ہو ئے۔
مائیک جانسن کو 218 جبکہ ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز کو 215 ووٹ ملے۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر 3 رپبلکن اراکین، رالف نورمن (جنوبی کیرولائنا)، کیتھ سیلف (ٹیکساس) اور تھامس میسی (کینٹکی) نے جانسن کی مخالفت میں ووٹ دیا تھا۔
تاہم نورمن اور سیلف نے جانسن سے مختصر ملاقات کے بعد حیران کن طور پر اپنا ووٹ تبدیل کر دیا۔
دوسری جانب تمام ڈیموکریٹک اراکین نے اقلیتی رہنما حکیم جیفریز کے حق میں ووٹ دیا۔
رپورٹس کے مطابق رپبلکنز نے اب ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں پر باضابطہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور اراکین نے حلف بھی اٹھا لیا ہے۔
پیر کو کانگریس کا دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی جیت کی تصدیق کی جا سکے گی۔
ایوان میں کم اکثریت کے باعث رپبلکنز کو قانون سازی کے لیے سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پارٹی کے اندر کسی بھی اختلاف کی صورت میں ووٹ ناکام ہو سکتا ہے، جبکہ سینیٹ میں زیادہ تر قانون سازی کے لیے ڈیموکریٹس کے تعاون کی ضرورت ہو گی۔